لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہوریوں کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے بسنت کے اوقات میں 5 گھنٹے کی بڑی توسیع کر دی ہے۔ اب شہر بھر میں پتنگ بازی کا میلہ رات 12 بجے ختم ہونے کے بجائے صبح 5 بجے تک جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہوریوں نے قواعد و ضوابط کی پاسداری کر کے حکومت کے اعتماد کی لاج رکھی ہے، اسی لیے ان کا جوش و خروش دیکھتے ہوئے اوقات کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے اسے لاہوریوں کے لیے ایک "انعام” قرار دیتے ہوئے کہا کہ خوشیاں منانا ہر شہری کا حق ہے، بشرطیکہ وہ دوسروں کی سلامتی کا ضامن ہو۔
اوقات میں اضافے کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 5 بجے تک سڑکوں پر گشت بڑھا دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔ موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کے لیے لگائی گئی تاروں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مریم نواز نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بسنت کے دوران ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات کا سختی سے خیال رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سہولت شہریوں کی خوشی کے لیے ہے، لہٰذا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ یہ ایونٹ کسی بھی جانی نقصان کے بغیر یادگار بن سکے۔




