اسلام آباد: عالمی مالیاتی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا اعلان کرتے ہوئے اسے Caa2 سے ایک درجے بڑھا کر Caa1 کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی موڈیز نے پاکستان کے لیے آؤٹ لک کو "مستحکم” قرار دیا ہے، جو معاشی صورتحال میں بہتری کی علامت ہے۔
موڈیز کی جانب سے یہ فیصلہ پاکستان کی بیرونی مالی پوزیشن کی بہتر ہوتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ریٹنگ ایجنسی کے مطابق پاکستان نے حالیہ عرصے میں مالیاتی انتظامات میں اہم اصلاحات کی ہیں جن کی بدولت ملک کی مالی صحت میں بہتری آئی ہے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس پیش رفت کو ملکی معیشت میں جاری اصلاحات کا مثبت نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی استحکام کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں جن کا اثر ریٹنگ ایجنسیوں کے فیصلوں میں دکھائی دے رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ یہ بہتری سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی بڑھائے گی اور ملک میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گی، جس سے روزگار کے مواقع اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔
معاشی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ یہ اپ گریڈ پاکستان کی معیشت کی مضبوطی اور مالی نظم و ضبط کے قیام کی جانب اہم قدم ہے، لیکن اب بھی کئی چیلنجز باقی ہیں جن پر کام کرنا ضروری ہے تاکہ مزید بہتری حاصل کی جا سکے۔




