لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایئر پنجاب پراجیکٹ کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت دے دی ہے۔ مریم نواز کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں ایئر پنجاب کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ فیز ون کے لیے تمام کارروائیاں جلد مکمل کی جائیں تاکہ منصوبہ اپنے مقررہ وقت پر مکمل ہو سکے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو ایئر پنجاب پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں لاہور سے اسلام آباد کے لیے فلائٹ روٹس پر اتفاق کیا گیا۔ اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ایئر پنجاب کے لیے جدید اور آرام دہ طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں تاکہ مسافروں کو بہترین سہولت فراہم کی جا سکے اور فلائٹس کی معیار اور خدمات کو بلند کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ ایئر پنجاب منصوبہ نہ صرف صوبے کی معیشت کو مستحکم کرے گا بلکہ عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
اجلاس میں مری گلاس ٹرین پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا، اور وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کے لیے ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ مری گلاس ٹرین پراجیکٹ کو ایک اہم منصوبہ سمجھا جا رہا ہے، جو سیاحوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب کی سیاحت کو بھی فروغ دے گا۔




