واشنگٹن : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دورہ امریکہ کے دوران عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی بحالی کا مشن کامیابی سے آگے بڑھایا ہے۔ وزیر خزانہ نے باضابطہ تصدیق کی ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ دوسرے اور تیسرے جائزے کی تکمیل کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ (SLA) طے پا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ اسٹاف لیول معاہدے کے بعد اب صرف آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری کا انتظار ہے، جس کے بعد پاکستان کو اگلی قسط فوری جاری کر دی جائے گی۔ محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ پاکستان محض موجودہ پروگرام پر اکتفا نہیں کرے گا بلکہ آئی ایم ایف کے ساتھ ایک بڑے اور طویل مدتی قرض پروگرام کے لیے بھی مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ معاشی استحکام کو مستقل بنایا جا سکے۔ عالمی حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافے اور توانائی کے شعبے میں ڈھانچہ جاتی تبدیلیوں پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ وزیر خزانہ نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں منافع بخش سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں ‘بزنس فرینڈلی’ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقاتوں کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور امریکی حکام پاکستان کی موجودہ معاشی پالیسیوں اور اصلاحاتی ایجنڈے پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔




