اسلام آباد: خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب کی صورتحال کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے سربراہ نے وزیراعظم کو موجودہ حالات پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے NDMA کو ہدایت دی کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ فوری اور قریبی رابطے میں رہ کر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قیمتی جان کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل فوری بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے حکم دیا کہ ریسکیو اور ریلیف کے لیے ضروری سامان فوری طور پر ٹرکوں کے ذریعے متاثرہ اضلاع میں روانہ کیا جائے تاکہ لوگوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلاب میں پھنسے مقامی افراد اور سیاحوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، خصوصاً بونیر، میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر جانی نقصان پہنچایا ہے۔ صرف بونیر میں 78 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر صوبے بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 194 تک جا پہنچی ہے۔
صوبائی حکومت نے اس المناک سانحے پر کل خیبرپختونخوا بھر میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا جا سکے۔




