اسلام آباد :وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے سینیٹ کے اہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ریاست دشمن عناصر اور سیاسی مخالفین کے خلاف سخت ترین لائن اختیار کر لی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور دہشتگردوں کے لیے اب صرف دو ہی راستے ہیں: "سدھر جاؤ یا ختم ہو جاؤ”۔
رانا ثناء اللہ نے افغانستان سے دراندازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا سرحد پار سے ہونے والی ہر مہم جوئی کا پاک فوج نے بہترین جواب دیا ہے۔ دہشتگردوں کو ٹھیک ہونے کا موقع دیا گیا ہے، اگر وہ کارروائیوں سے باز نہ آئے تو انہیں جڑ سے مٹا دیا جائے گا۔ سینیٹ میں قرارداد کی منظوری ثابت کرتی ہے کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔مذاکرات کے حوالے سے مشیرِ سیاسی امور نے پی ٹی آئی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے تین بار مذاکرات کی سنجیدہ دعوت دی، مگر ہر بار دوسری طرف سے انکار ہوا۔ ہم میز پر بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں، لیکن سیاسی معاملات کو سڑکوں کے بجائے پارلیمان میں حل کرنا ہوگا۔




