اسلام آباد:پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے کی گئی حالیہ اشتعال انگیزی ان کے لیے بھاری دفاعی و جانی نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہوئی ہے۔ وزارتِ اطلاعات کے مطابق، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ کا وہ جواب دیا ہے جس کی توقع حملہ آوروں کو نہیں تھی۔
افغان طالبان نے خیبر پختونخوا کے سرحدی مقامات پر صورتحال کا غلط اندازہ (Miscalculation) لگاتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ شروع کی، جس کا جواب سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر عسکری کارروائی سے دیا۔پاکستانی جوابی کارروائی میں افغان جانب کی متعدد سرحدی چوکیاں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اور ان کا اہم عسکری سازوسامان بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، سرحد پار بھاری جانی نقصان ہوا ہے، جو افغان طالبان کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تحمل کی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ سرحدوں کی حفاظت اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستانی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہمہ وقت ہائی الرٹ ہیں۔




