اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک میں جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی جس کے ذریعے سنگین جرائم کے ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ قصور کی ننھی زینب کا کیس ہو یا ڈی آئی جی کیپٹن مبین کی شہادت، جدید فرانزک لیب اور سیف سٹی پروجیکٹس کی بدولت ہی سہولت کار پکڑے گئے جنہیں اب سزائے موت ہوگی۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے آج کی سیاست ڈیویلپمنٹ سے ہٹ کر ایک "سرکس” اور بیانیے تک محدود ہو گئی ہے۔ ن لیگ نے سیاست کو وڈیروں اور جاگیرداروں کے ڈرائنگ رومز سے نکال کر گلی محلوں کی تعمیر و ترقی سے جوڑا ہے۔ ملک میں عملاً کام کرنا مشکل ہے جبکہ دوسروں پر تنقید کرنا سب سے آسان مشغلہ بن چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جب غریب کے بچوں کے لیے دانش سکول بنے تو اشرافیہ نے مخالفت کی، مگر ہم نے پیچھے ہٹنے کے بجائے تعلیم کو عام کیا۔ اسی طرح لیپ ٹاپ اسکیم نے آئی ٹی کی بنیاد رکھی اور مشکل معاشی دور میں نوجوانوں کو فری لانسنگ کے ذریعے معیشت چلانے کے قابل بنایا۔
انہوں نے کے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ معدنیات اور ماربل کے وسائل سے بھرا ہوا ہے، لیکن وہاں کوئی ضابطہ نہیں، جس کا جتنا زور ہے وہ وسائل نکال کر لے جا رہا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ منفی سیاست کے بجائے "شیڈو کیبنٹ” بنائے اور کام کر کے دکھائے۔




