راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) نے ملک کی دفاعی تاریخ کے سنہری باب ’’معرکۂ حق‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی نغمہ ریلیز کیا ہے، جو پاک افواج کی جرات اور دشمن کے خلاف ان کی برق رفتار کارروائیوں کا عکاس ہے۔اس نغمے کو معروف گلوکار واجد سعید اور رپٹور نے نہایت جوشیلے انداز میں گایا ہے۔ نغمے کے اشعار جہاں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہیں، وہیں دشمن کو یہ یاد دلاتے ہیں کہ پاکستانی شاہین طوفانوں کی طرح چھانے اور بجلیوں کی طرح گرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نغمے کے ذریعے پاک فوج کے ان افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے جنہوں نے ’’معرکہ حق‘‘ کو فتح میں بدلنے کے لیے دن رات ایک کیے۔ ویڈیو میں پاک فوج کی حربی طاقت اور تزویراتی صلاحیتوں کے مناظر شامل کیے گئے ہیں، جو قوم کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔یہ نغمہ اس عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان کے دفاع، وقار اور خودداری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ نغمہ محض ایک موسیقی کا ٹکڑا نہیں بلکہ یہ پاکستان کے اس قومی بیانیے کو تقویت دیتا ہے کہ ہماری سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ آئی ایس پی آر کی اس کاوش کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور اسے حب الوطنی کے جذبے کو مہمیز کرنے والا بہترین شاہکار قرار دیا جا رہا ہے۔




