لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کو ملک کی تقدیر بدلنے والی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ان کی تربیت کے لیے "والدین” جیسا مخلصانہ کردار ادا کر رہی ہے۔ سکل ڈیویلپمنٹ اور ‘راہِ روزگار’ پروگرام کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کے ہاتھ میں ڈگری کے ساتھ ساتھ ایسا ہنر دینا ہے جو انہیں کبھی بے روزگار نہ رہنے دے۔
مریم نواز نے جذباتی اور پر اثر انداز میں کہا کہ اگر حکومت "ماں” کی طرح سوچتے ہوئے نوجوانوں کی انگلی پکڑ کر انہیں راستہ دکھائے، تو یہ یوتھ پاکستان کا سب سے مضبوط ہتھیار بن سکتی ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر صرف سرکاری ملازمتوں پر تکیہ کرنا حقیقت پسندی نہیں، اصل کامیابی نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان سکلز سیکھنے کے بعد گھروں میں نہ بیٹھیں بلکہ مارکیٹ میں اپنی جگہ بنائیں۔ حکومت انہیں بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن مالی اور تکنیکی مدد فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کی تمام تر توجہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کے مطابق ہنر مند بنانے پر مرکوز ہے تاکہ وہ بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔




