تربت/کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع تربت کی تحصیل بلیدہ میں نامعلوم مسلح افراد نے انسانیت سوز کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور کمسن بچہ بھی شامل ہے۔ اس وحشیانہ حملے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔ مقامی سماجی حلقوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بلوچ روایات اور انسانی اقدار کے خلاف قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نہتے خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا کھلی درندگی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ اس سفاکانہ حملے کے ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔
سکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ معصوم شہریوں کا خون بہانے والے دہشت گرد قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔




