لاہور: پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے خلاف کارروائیوں میں اہم پیش رفت کی ہے۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ حکومت نے ٹی ایل پی سے منسلک 330 مساجد اور 223 مدارس کا مکمل ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ ان میں سے 6 مدارس سرکاری زمین پر قائم ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ٹی ایل پی کی فنڈنگ کرنے والے 3,800 افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سعد رضوی کے گھر سے ایک کلو 920 گرام سونا، 889 گرام چاندی اور 69 قیمتی گھڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مریدکے میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں پر کہا کہ اس میں 3 شہری جاں بحق اور 48 افراد زخمی ہوئے جبکہ مظاہرین نے 8 پولیس گاڑیاں نذر آتش کر دی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کسی بھی مسجد کو مسمار نہیں کر رہی اور کسی قبر کو منتقل نہیں کیا جا رہا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان کے اقدامات ملک میں فساد پھیلانے کے مترادف ہیں، اور ریاست اس سلسلے میں سخت کارروائی جاری رکھے گی۔




