اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملکی امن و امان اور پی ایس ایل فائنل کے انتظامی امور کا اہم جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک کی داخلی سلامتی اور سرحدوں پر سکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
محسن نقوی نے، بطور وزیر داخلہ، پی ایس ایل کے فائنل میچ کے لیے کیے گئے تھری لیئر سکیورٹی پلان اور انتظامی ڈھانچے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شائقین کے لیے سٹیڈیم تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے خصوصی شٹل سروس اور ٹریفک پلان فعال کر دیا گیا ہے۔
تمام متعلقہ اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ کو واضح ہدایات دیں کہ فائنل کے لیے فول پروف سکیورٹی کے ساتھ ساتھ عوامی سہولیات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ شائقینِ کرکٹ کے لیے سٹیڈیم میں پینے کے پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ایس ایل کا کامیاب فائنل پاکستان کی کھیلوں کے لیے محفوظ سرزمین ہونے کی علامت بنے گا۔




