پاکستان
Trending

کراچی کا ریڈ زون میدانِ جنگ: جماعت اسلامی کے مارچ پر پولیس کا لاٹھی چارج اور شیلنگ، متعدد کارکنان گرفتار

 

کراچی : سندھ اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کے احتجاج نے اس وقت پُرتشدد رخ اختیار کر لیا جب پولیس نے مظاہرین کو ریڈ زون میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے اور پولیس و کارکنان کے درمیان آنکھ مچھولی کا سلسلہ جاری ہے۔
جماعت اسلامی کے کارکنان جیسے ہی سندھ اسمبلی کی جانب بڑھے، پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شدید شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔مشتعل مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جبکہ احتجاج میں استعمال ہونے والا ساؤنڈ سسٹم اور ٹرک بھی قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔مظاہرین نے رکاوٹوں کے سامنے ڈیرے ڈال دیے اور حکومتِ سندھ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
پولیس نے اسمبلی کی طرف جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے۔ شیلنگ کے باعث علاقے میں دھواں بھر گیا ہے جس سے قریبی دفاتر میں موجود افراد کو بھی سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ اور پریس کلب کے اطراف بدترین ٹریفک جام ہے۔ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔علاقے میں واٹر کینن پہنچا دی گئی ہے اور اضافی نفری تعینات ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button