واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آبنائے ہرمز سے متعلق مؤقف بالکل واضح ہے، اس اہم عالمی گزرگاہ پر کسی قسم کا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے لیے تکنیکی نکات پر بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں مختلف علاقائی امور پر تعمیری گفتگو ہوئی، جبکہ خلیجی ممالک نے اپنے تحفظات بھی سامنے رکھے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ عراق، لبنان اور حماس کو ایرانی حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے متعلق معاملات پر امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔
وینزویلا میں زلزلے کے حوالے سے مارکو روبیو نے کہا کہ وہاں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا مشکل کی گھڑی میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور امدادی سرگرمیوں کے لیے ٹیمیں بھیجی گئی ہیں۔
مارکو روبیو نے کہا کہ وینزویلا کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، جبکہ امریکا خطے کی صورتحال اور عالمی تجارت کے اہم راستوں کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔




