لاہور: حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار پر غسلِ مزار کی بابرکت تقریب منعقد ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں صوبائی وزراء بلال یاسین، خواجہ سلمان رفیق، معاون خصوصی علی ڈار سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ علماء مشائخ، مذہبی رہنماؤں اور ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
غسلِ مزار کے موقع پر مزارِ اقدس کو عرقِ گلاب سے غسل دیا گیا جبکہ قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور ملک و قوم کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر داتا دربار کے اطراف سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کے اہلکار تعینات رہے جبکہ زائرین کی سہولت کے لیے انتظامی اقدامات مکمل کیے گئے۔
تقریب میں شریک افراد نے حضرت داتا گنج بخشؒ سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا اور روحانی ماحول میں دعا و عبادت میں حصہ لیا۔




