استنبول: پاکستان اور ترکیہ نے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدوں پر دستخط استنبول میں ہونے والی اعلیٰ سطحی مشاورت کے دوران کیے گئے۔
مفاہمتی یادداشتوں کے تحت دونوں ممالک کے توانائی ادارے پاور سسٹم آپریشنز، ٹرانسمیشن منصوبہ بندی، بجلی کی تقسیم کے نظام کے انتظام اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں مل کر کام کریں گے۔
معاہدوں سے اداروں کے درمیان تکنیکی معلومات، عملی تجربات اور آپریشنل مہارتوں کے تبادلے کو فروغ ملے گا، جس سے توانائی کے شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد حاصل ہوگی۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ توانائی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے بجلی مارکیٹ اصلاحات کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گا اور باہمی تعاون سے خدمات کی فراہمی، گورننس اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔




