اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل کے حالیہ اجلاس میں 74 شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 67 شکایات میں سے 65 کو داخل دفتر کر دیا گیا، ایک شکایت پر کارروائی مؤخر کر دی گئی جبکہ ایک شکایت پر مزید کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوسرے مرحلے میں سات شکایات کا جائزہ لیا گیا جن میں سے پانچ شکایات کو داخل دفتر کر دیا گیا اور دو شکایات پر کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دوران سات شکایات کے حوالے سے کونسل کی تشکیل نو بھی عمل میں آئی۔
جسٹس سرفراز ڈوگر نے خود کو بعض شکایات پر کارروائی سے الگ کر لیا، اور ان کی جگہ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو اجلاس میں شامل کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی جس کا مقصد عدلیہ کے اخلاقی اور پیشہ ورانہ معیار کو مضبوط بنانا ہے۔




