پاکستان
Trending

"کراچی کی سڑکیں لاہور جیسی بناؤ یا گھر جاؤ: صدر زرداری کی میئر کراچی اور وزیراعلیٰ سندھ کو آخری وارننگ، 90 دن کی مہلت”

 

اسلام آباد : کراچی کے کھنڈرات میں تبدیل ہوتے انفراسٹرکچر پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پیمانۂ صبر لبریز ہو گیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صدر نے صوبائی اور شہری حکومت کی کارکردگی کا کچا چھٹا کھول کر رکھ دیا اور واضح کیا کہ اب "باہمی مصلحتوں” کا وقت ختم ہو چکا ہے۔
اجلاس کے شرکاء اس وقت حیران رہ گئے جب صدرِ مملکت نے وفاقی وزیر محسن نقوی کی مثال دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو مشورہ دیا کہ وہ ان سے کام کرنے کا طریقہ سیکھیں۔ صدر کا کہنا تھااسلام آباد میں انڈر پاس تین ماہ میں کھڑا ہو جاتا ہے، کراچی میں سال بھر بھی مکمل نہیں ہوتا۔ اگر آپ کو سمجھ نہیں آ رہی تو محسن نقوی سے مشورہ کر لیں کہ پراجیکٹ مینجمنٹ کیا ہوتی ہے۔
صدر زرداری نے دوٹوک الفاظ میں مطالبہ کیا کہ کراچی کی سڑکوں اور ترقیاتی کاموں کا معیار لاہور اور اسلام آباد جیسا ہونا چاہیے۔ انہوں نے انتظامیہ کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کو کما کر دیتا ہے لیکن بدلے میں اسے وہ سہولیات نہیں مل رہیں جو دیگر بڑے شہروں کا خاصہ ہیں۔
صدر نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور میئر مرتضیٰ وہاب کو 90 دن کا وقت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی سست روی اب ناقابلِ قبول ہے۔ تین ماہ میں زمین پر کام کی رفتار اور معیار نظر آنا چاہیے۔ شہری انتظامیہ کو اپنی ترجیحات فوری طور پر تبدیل کرنی ہوں گی۔
سیاسی مبصرین صدر زرداری کے اس سخت رویے کو کراچی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی پالیسی میں بڑی تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔ صدر کی جانب سے محسن نقوی کی مثال دینا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اب صرف فنڈز کا استعمال کافی نہیں بلکہ "ڈیلیوری” اور "رفتار” ہی کارکردگی کا واحد پیمانہ ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button