راولپنڈی : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے سرکاری دورۂ بنگلہ دیش کے دوران آرمی ہیڈکوارٹرز میں بنگلہ دیشی آرمی چیف جنرل وقارالزمان سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ دونوں افواج کی اعلیٰ قیادت کے درمیان باہمی روابط اور دوروں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔
گفتگو کے دوران علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور انسدادِ دہشت گردی کے میدان میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی کہ غلط معلومات اور گمراہ کن پروپیگنڈا مہمات ایک ابھرتا ہوا عالمی خطرہ بن چکی ہیں۔ دونوں ممالک نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے اور اطلاعاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔




