لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی موجودہ سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں قانون سازی کے مراحل، ایوان کی کارروائی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی، اور دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبے میں امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ’’ای بز‘‘ (ای بزنس) کے آغاز پر خراج تحسین پیش کیا، جس کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کاروباری سرگرمیاں مزید فروغ پائیں گی اور لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ اس کے علاوہ، پنجاب کے عوام نے بھی صوبے میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر ملک احمد خان کو پنجاب اسمبلی کے امور میں حکومت کے ساتھ تعاون اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ہر بڑا ترقیاتی منصوبہ چھوٹے شہروں سے شروع کیا جا رہا ہے، جس سے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں گے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں کاروبار کا بہترین پوٹینشل موجود ہے اور سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی تاکہ صوبے کی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ملک احمد خان نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا مرکز اب صرف لاہور یا دیگر بڑے شہر نہیں بلکہ صوبے کے تمام پسماندہ علاقے ہیں۔ اس سے نہ صرف پورے صوبے میں یکساں ترقی ہو گی بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں بھی بہتری آئے گی۔




