پاکستان

ماحولیاتی آلودگی سے نجات کا انقلابی قدم ، ’’لنگز آف لاہور‘‘ منصوبے کا آغاز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت، پنجاب حکومت نے لاہور میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے نجات کے لیے ایک انقلابی منصوبہ ’’لنگز آف لاہور‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد لاہور کے ارد گرد ایک جنگل نما حد بندی قائم کرنا ہے، جو فضائی آلودگی میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ شہری پھیلاؤ کو بھی روکنے میں مددگار ثابت ہو گا۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت لاہور میں 48 لاکھ سے زائد درخت لگائے جائیں گے، اور اس کی جنگل نما حد بندی کی کل لمبائی 112 کلومیٹر ہوگی، جس کا رقبہ 1711 ایکڑ پر پھیلا ہو گا۔ یہ منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا، جس میں ہر مرحلہ لاہور کے ماحولیاتی حالات کو بہتر بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

پہلے مرحلے میں 1210 ایکڑ اراضی پر 59 کلومیٹر طویل رنگ فاریسٹ قائم کیا جائے گا، جس کا مقصد شہر کی فضائی آلودگی کو کم کرنا اور قدرتی ماحول کو دوبارہ زندہ کرنا ہے۔ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں بالترتیب 31 کلومیٹر اور 22 کلومیٹر طویل جنگلات کا قیام عمل میں آئے گا۔ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ ایک سال کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔

اس منصوبے کی تکمیل کے بعد، لاہور کے تقریباً 2 کروڑ شہری اس سے فائدہ اٹھائیں گے اور شہر کا ماحول صاف ستھرا اور سرسبز ہو گا۔ پی ایچ اے لاہور اس منصوبے کی تکمیل کی ذمہ داری اٹھائے گا اور اسے جدید ترین ماحول دوست اصولوں کے مطابق مکمل کرے گا۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہے، جس کا مقصد نہ صرف لاہور میں سموگ کے تدارک میں مدد دینا ہے، بلکہ شہر کی قدرتی خوبصورتی کو بحال کرنا بھی ہے۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پنجاب سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے اور اس منصوبے کی تکمیل کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے گا تاکہ لاہور ایک بار پھر ’’باغوں کا شہر‘‘ بن سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button