بین الاقوامی

ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات ، تجارتی امور اور باہمی تعلقات کی مضبوطی پر تفصیل سے گفتگو

بوسان :  چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارتی امور اور باہمی تعلقات کی مضبوطی پر تفصیل سے گفتگو کی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملاقات کے دوران کہا کہ ’’ہمیں یقین ہے کہ یہ ملاقات انتہائی کامیاب ثابت ہوگی، اور اس دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے پر اتفاق ہونے کا امکان ہے۔‘‘ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’’امریکہ اور چین پہلے ہی کئی اہم معاملات پر اتفاق کر چکے ہیں، اور مزید نکات پر بھی آج اتفاق ہو سکتا ہے۔‘‘

چینی صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر کہا کہ ’’چین اور امریکہ کو ایک دوسرے کا دوست بننے کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی تجارتی ٹیموں نے اہم نکات پر اتفاق کیا ہے اور باہمی مفاد کے مسائل پر کھلے دل سے گفتگو کی ضرورت ہے۔ شی جن پنگ نے صدر ٹرمپ کے غزہ جنگ بندی کے معاملے پر اہم کردار کو سراہا اور کہا کہ ’’اختلافات معمول کی بات ہیں، تاہم دونوں ممالک کو ان اختلافات کے باوجود ایک مضبوط تعلقات کی طرف بڑھنا چاہیے۔‘‘

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے عالمی اقتصادیات اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ شی جن پنگ نے کہا کہ ’’چین امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘

اس ملاقات سے قبل صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ یہ ملاقات کامیاب ہوگی، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’چینی صدر سخت گیر مذاکرات کار ہیں، جو کبھی کبھار مشکل ہو سکتے ہیں۔‘‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button