لاہور: پنجاب اسمبلی نے قومی شناختی کارڈ پر شہریوں کے خون کے گروپ کی تفصیل درج کرنے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
قرارداد احمد اقبال چوہدری نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ حادثات اور ہنگامی صورتحال میں مریض کے بلڈ گروپ کی معلومات نہ ہونے سے قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔
ایوان نے وفاقی حکومت اور نادرا سے سفارش کی کہ نئے اور تجدید شدہ شناختی کارڈز پر خون کے گروپ کی معلومات شامل کی جائیں تاکہ ایمرجنسی طبی امداد بروقت فراہم کی جا سکے۔
احمد اقبال چوہدری نے کہا کہ یہ اقدام عوامی فلاح کے لیے نہایت اہم ہے اور اس سے صحت کے شعبے میں بہتری آئے گی۔




