پاکستان
Trending

مون سون سے قبل سندھ حکومت متحرک، جدید نظام کے ذریعے آفات سے نمٹنے کی تیاری

 

کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ مون سون، سیلاب اور ہیٹ ویو جیسے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت نے جامع حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے وفاق اور سندھ کے درمیان قدرتی آفات سے متعلق مؤثر رابطہ کاری کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔

شرجیل میمن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں مون سون کی تیاریوں، ہنگامی اقدامات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں قدرتی آفات کے اثرات کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، پیشگی منصوبہ بندی اور بروقت فیصلے انتہائی اہم ہیں۔ نیکسٹ جنریشن ارلی وارننگ سسٹم اور پریڈکٹو ڈیزاسٹر انٹیلی جنس سسٹم کے ذریعے ممکنہ خطرات کی پہلے سے نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔

سینئر وزیر نے کہا کہ حقیقی وقت کے موسمیاتی، آبی اور جغرافیائی ڈیٹا کی بنیاد پر بہتر تیاری اور فوری اقدامات کیے جا سکیں گے، جس سے قیمتی انسانی جانوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب، دریائی طغیانی، شدید گرمی، خشک سالی اور دیگر موسمیاتی خطرات کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری مشینری، وسائل اور امدادی اقدامات کو فعال رکھا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button