پاکستان
Trending

پی ٹی آئی نے سیاسی کمیٹی کا اعلان، 23 ارکان پر مشتمل ٹیم پارلیمانی حکمتِ عملی تیار کرے گی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کی پارلیمانی اور سیاسی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کے لیے 23 رکنی سیاسی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے نوٹیفیکیشن جاری کیا، جس کے مطابق کمیٹی 12 دسمبر سے مؤثر ہو گئی ہے۔

کمیٹی کا بنیادی مقصد اسمبلیوں اور پارلیمانی ونگز کے لیے پالیسی لائن طے کرنا اور پارٹی کے فیصلوں میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تجربہ کار ارکان پر مشتمل سب کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی، جبکہ ضرورت کے مطابق مزید تقرریاں اور تبدیلیاں کی جا سکیں گی۔

تشکیل دی گئی کمیٹی میں چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی اور سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ کے سابق اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی، سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر اور اوورسیز چیپٹر کے سیکرٹری سجاد برکی بھی کمیٹی میں شامل کیے گئے ہیں۔

صوبائی آرگنائزرز عالیہ حمزہ، جنید اکبر، حلیم عادل شیخ اور داؤد کاکڑ، اے جے کے و جی بی کے نمائندے خالد خورشید اور سردار قیوم نیازی، ٹی ٹی اے پی کے سیکرٹری جنرل اسد قیصر، قومی اسمبلی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، سینیٹ کی لیڈر آف اپوزیشن کی کوآرڈینیٹر فوزیہ ارشد، ویمن ونگ کی صدر کنول شوزاب اور مینارٹیز ونگ کے صدر لال چند ملہی بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نئی کمیٹی پارٹی کی پارلیمانی حکمتِ عملی کو مضبوط کرے گی اور مختلف فورمز پر پارٹی کے موقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے میں رہنمائی کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button