پاکستان
Trending

پاک بحریہ کا شمالی بحیرۂ عرب میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب لائیو فائر تجربہ


پاکستان بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے جدید ایف ایم 90 این ای آر میزائل کا کامیاب لائیو ویپن فائرنگ مظاہرہ کیا ہے، جس سے بحریہ کی جنگی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا بھرپور اظہار ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس فائر پاور مظاہرے کا مقصد پاک بحریہ کی دفاعی تیاری اور حربی مہارت کو جانچنا تھا۔ تجربے کے دوران میزائل نے انتہائی تیزی سے فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جو بحریہ کی جدید دفاعی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

اس موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ، ریئر ایڈمرل عبدالمُنیب نے فائرنگ کے مظاہرے کا مشاہدہ کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور لگن کو سراہا۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملک کے سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب میزائل تجربہ پاک بحریہ کی جدید دفاعی تیاریوں کی ایک اور نمایاں مثال ہے، جو قومی سمندری حدود کے تحفظ اور بیرونی خطرات کے سدباب میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button