امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع بونڈائی بیچ پر ہونے والے حملے کو انتہائی خوفناک قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس نوعیت کے حملے انسانیت کے خلاف ہیں اور مذہبی یا سماجی تقریبات منانے والے افراد کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔
صدر ٹرمپ نے واقعے کے دوران جان پر کھیل کر حملہ آور کو قابو کرنے والے شہری کی جرات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس شخص نے بروقت اقدام کر کے متعدد قیمتی جانیں بچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بہادر افراد معاشرے کا فخر ہوتے ہیں اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جانا چاہیے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے دوران 43 سالہ احمد ال احمد نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر حملہ آور کو پکڑ لیا اور اس کا اسلحہ چھین لیا، جس کے باعث مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ احمد ال احمد سڈنی میں پھل فروش ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد ال احمد کے اس جرات مندانہ اقدام پر عوامی اور عالمی سطح پر انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات متعلقہ حکام کی جانب سے جاری ہیں۔




