اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے سہ ملکی سرکاری دورے کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ریاض پہنچیں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سینئر وزراء اور اعلیٰ حکام بھی موجود ہیں۔ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات شیڈول ہے جس میں علاقائی، عالمی اور دوطرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس ملاقات میں باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔
سعودی عرب کے بعد وزیراعظم برطانیہ روانہ ہوں گے جہاں ان کی برطانوی حکام سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ اس کے بعد وہ 21 ستمبر کو امریکا جائیں گے جہاں ممکنہ طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔
نیویارک میں وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور 26 ستمبر کو اجلاس سے خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں، وہ 22 ستمبر کو فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔




