اسلام آباد:سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بھارت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری دہشتگردی کی کارروائیوں کے پس پردہ بھارتی سازشیں کارفرما ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اور حالیہ واقعات میں بھارت نے ایک دہشتگردی کا بہانہ بنا کر نہ صرف پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی، بلکہ معصوم شہریوں کو بھی نشانہ بنایا۔
راجا پرویز اشرف نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری ایئر فورس اور آرمی نے جس جرات اور بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا، وہ قابلِ فخر ہے۔ آج دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم سربلند ہے، تو یہ ہماری افواج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔”
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ چند لوگ دشمن کے بیانیے کا حصہ بن کر اپنے ہی ملک کی افواج پر تنقید کرتے ہیں، حالانکہ یہ وہی ادارے ہیں جو ہمیں تحفظ فراہم کرتے ہیں اور جن کی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ "ہمارے دشمن نے سیز فائر تو کیا ہے، لیکن جنگ ختم نہیں کی۔ ان کی افواج آج بھی ہماری سرحدوں پر موجود ہیں، اور ہماری افواج بھی پوری طرح چوکس ہیں۔”
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں، لیکن وطنِ عزیز کے دفاع پر پوری قوم ایک پیج پر ہے، اور کسی کو پاکستان کے خلاف سازش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔




