اسلام آباد:اپوزیشن نے 27 ستمبر کے احتجاج کے لیے حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے اور سیاسی جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ ملکی سیاسی صورتحال پر غور کے لیے جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کی تیاریوں، سیاسی رابطوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف کو احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی گئی۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے احتجاج کو مؤثر بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے بڑھانے پر زور دیا۔
اجلاس میں 15 ستمبر کو تحریک تحفظ آئین کے اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے تعاون کی درخواست پر بھی غور کیا گیا۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کے خط کا جواب دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم سے مشاورت کے لیے ملاقات کا وقت طلب کرلیا ہے۔




