پاکستان
Trending

اویس لغاری کا بجلی کی کھپت بڑھانے اور پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے جامع اقدامات پر زور

 

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں بجلی کی طلب بڑھانا اور پیداواری لاگت کم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس مقصد کے لیے مختلف شعبوں میں بجلی کے استعمال کو فروغ دیا جارہا ہے۔

پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے اویس لغاری سے ملاقات کی، جس میں بجلی کی طلب میں اضافے، دستیاب پیداواری صلاحیت کے بہتر استعمال اور پاور سیکٹر کی لاگت کم کرنے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔

ملاقات میں الیکٹرک گاڑیوں، زراعت، ڈیٹا سینٹرز اور صنعتی شعبے میں بجلی کی کھپت بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان بزنس کونسل کے مطابق آئندہ 5 سے 7 سال کے دوران بجلی کی طلب میں 45 ٹیرا واٹ آور تک اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے فکسڈ کیپیسٹی لاگت زیادہ یونٹس پر تقسیم ہونے کے باعث بجلی کی مجموعی لاگت کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت صارفین پر غیر ضروری مالی بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ 2 کروڑ 10 لاکھ صارفین کو 40 سے 50 فیصد تک سبسڈی حاصل ہورہی ہے، جبکہ کراس سبسڈی کا بوجھ کم کرکے پاور سیکٹر کو مزید پائیدار بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوران ڈسکوز کے نقصانات میں کمی سے 265 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ ٹائم آف یوز ٹیرف کے ذریعے صنعتی شعبے کو اضافی بجلی کم نرخوں پر فراہم کرنے کی حکمت عملی بھی زیرِ غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ درآمدی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کے حوالے سے مطالعات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ مقامی کوئلے کے استعمال سے درآمدی ایندھن پر انحصار اور بجلی کی پیداواری لاگت کم ہونے کی توقع ہے۔

اویس لغاری کے مطابق بجلی کی طلب میں پائیدار اضافہ معاشی سرگرمیوں سے منسلک ہے، جبکہ پاور سیکٹر میں طلب، لاگت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button