لاہور : پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کئی روز کی کشیدگی کے بعد مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں معطل 26 ارکان کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں فریقین نے ایوان میں نازیبا الفاظ استعمال نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ اسمبلی کا ماحول سازگار بنایا جا سکے۔ اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کمیٹی کے فیصلے سپریم ہوں گے اور ایوان میں گالی گلوچ کی روایات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ معطل ارکان کی بحالی کا معاملہ آئندہ رولنگ کے تحت طے کیا جائے گا تاکہ اپوزیشن سینیٹ الیکشن میں حصہ لے سکے۔ اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے ایتھکس کمیٹی کو فعال کر کے اسمبلی کی کارکردگی بہتر بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔
مذاکرات میں شامل دیگر رہنماؤں نے بھی مثبت رویہ اپنانے اور ایوان میں تعمیری گفتگو کی ضرورت پر زور دیا ہے۔




