لاہور: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے رہنما ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے ترسیلات زر اور قرضوں پر انحصار کم کر کے برآمدات کو فروغ دینا ضروری ہے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات کا حصہ جی ڈی پی میں 1990 کی دہائی میں 16 فیصد تھا، جو 2024 تک کم ہو کر صرف 10.4 فیصد رہ گیا ہے، جبکہ ویتنام میں برآمدات کا جی ڈی پی سے تناسب 95 فیصد، بنگلہ دیش میں تقریباً 20 فیصد اور تھائی لینڈ میں 60 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کمزور برآمدی کارکردگی کی بنیادی وجوہات میں پیداواری لاگت میں اضافہ، محدود عالمی مارکیٹ رسائی، کم پیداواری صلاحیت اور ناکافی انفراسٹرکچر شامل ہیں۔
ایف پی سی سی آئی رہنما نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ برآمدات کے فروغ کے لیے مارکیٹ کی بنیاد پر شرح تبادلہ، تجارتی فنانس، لاجسٹکس اور عالمی معیار پر عملدرآمد بہتر بنائے اور تجارتی معاہدوں کو مؤثر بنائے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں برآمدات بڑھانے اور درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے کاروبار دوست ماحول، انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، اور برآمدی شعبوں میں جدت و ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ملک پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔




