ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے ایران کی جانب سے کیے گئے وسیع پیمانے پر فضائی حملے کو ناکام بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان وزارتِ دفاع کے مطابق ملک کا جدید ترین ڈیفنس سسٹم دشمن کے 174 بیلسٹک میزائلوں اور 689 ڈرونز کا راستہ روکنے میں کامیاب رہا۔
متحدہ عرب امارات کی حدود میں داخل ہونے والے خطرات کا مقابلہ کچھ اس طرح کیا گیا بیلسٹک میزائل، 174 میں سے 161 فضا میں تباہ، 13 سمندر برد، ڈرونز 689 میں سے 645 کو کامیابی سے روکا گیا، صرف 44 حدود میں پہنچ سکے۔ کروز میزائل، تمام 8 میزائل نشانہ بننے سے پہلے ہی مار گرائے گئے۔
پریس کانفرنس کے دوران ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ یو اے ای کی سرزمین پر کوئی بھی میزائل براہِ راست (Direct Hit) نہیں گرا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی جانی یا مالی نقصان ہوا، وہ ہمارے دفاعی نظام کے ہاتھوں تباہ ہونے والے میزائلوں اور ڈرونز کے ملبے سے ہوا۔ ہماری خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق ملبہ گرنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 68 زخمی ہوئے ہیں۔ رہائشی علاقوں میں املاک کو پہنچنے والا نقصان بھی میزائلوں کے ٹکڑے گرنے کا نتیجہ ہے۔
وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں عزم ظاہر کیا ہے کہ اماراتی افواج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈیفنس سسٹم نے تمام خطرات کو بروقت ٹریک کر کے شہری آبادی کو بڑے حادثے سے محفوظ رکھا۔




