اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے آپریشن "غضب للحق” کے تحت ہونے والے نقصانات کی تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دشمن کے جنگی ڈھانچے کو جڑوں سے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران اب تک 464 خوارج ہلاک جبکہ 665 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
دشمن کی 188 چیک پوسٹیں ملیا میٹ کر دی گئیں، جبکہ 31 اہم پوسٹوں پر مکمل قبضہ حاصل کر لیا گیا ہے۔آپریشن کے دوران دشمن کے 192 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز (توپ خانہ) مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں۔ افغانستان بھر میں پھیلے دشمن کے 56 مختلف ٹھکانوں پر فضائیہ نے مؤثر ضربیں لگائیں۔
عطا اللہ تارڑ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن "غضب للحق” اپنے اہداف کے حصول کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کو غیر معمولی جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا ہے اور ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں دشمن کی کمر توڑنے کے لیے انتہائی مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔




