پشاور: خیبر پختونخوا کے دو اضلاع، لکی مروت اور شمالی وزیرستان میں پولیو وائرس کے مزید دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد سال 2025 کے دوران ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق، دونوں متاثرہ بچوں کی عمر پانچ سال سے کم ہے، اور ان کا تعلق ایسے علاقوں سے ہے جہاں ویکسینیشن مہم کو سیکیورٹی اور سماجی مسائل کا سامنا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں ابھی بھی بہت سے چیلنجز باقی ہیں۔
متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں فوری انسدادی اقدامات اور ویکسی نیشن مہم کے ازسرنو جائزے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب، ماہرین صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو سے بچاؤ کی مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ آئندہ نسلوں کو معذوری سے بچایا جا سکے۔




