کراچی : خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور قومی سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے وفاق کے تمام ممکنہ فیصلوں کی پیشگی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ سندھ حکومت ملکی مفاد میں ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔شرجیل انعام میمن نے حکومتِ سندھ کا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر وفاقی حکومت خطے کی کشیدگی یا کسی بھی ہنگامی ضرورت کے تحت ملک گیر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتی ہے، تو سندھ حکومت اس پر من و عن عمل درآمد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام اکائیوں کو وفاق کے فیصلوں پر "لبیک” کہنا چاہیے تاکہ ملک ایک مضبوط اکائی کے طور پر سامنے آئے۔
صوبائی وزیر نے معاشی دباؤ کم کرنے کے لیے سندھ کابینہ کے اہم اقدامات کا ذکر کیا سندھ کابینہ کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر تین ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سرکاری خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے ،توانائی کی بچت اور انتظامی اخراجات میں کمی کے لیے جمعے کے روز سرکاری دفاتر میں "گھر سے کام” (Work From Home) کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ہم اپنی سیاست کو ریاست پر قربان کرنے کے لیے تیار ہیں اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔




