کراچی: شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے، جس کے بعد کراچی کا موسم مکمل طور پر تبدیل اور خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سندھ کے مختلف شہروں میں بارشوں کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہ سکتا ہے۔
آج صبح سے شروع ہونے والے بارش کے سلسلے نے شہر کے تمام اہم حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔نارتھ ناظم آباد، بفر زون، ملیر، کورنگی، ڈیفنس اور شاہ فیصل کالونی میں بادل جم کر برسے جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ ناظم آباد، گارڈن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور ایم اے جناح روڈ پر بھی بارش کے بعد حبس کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
بارش شروع ہوتے ہی صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ بارشوں کے پیشِ نظر تمام متعلقہ اداروں کے ضروری عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔




