اسلام آباد: اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرنے لگے ہیں، جس پر وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی کی ناراضی دور کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر آئندہ چند روز میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں حالیہ سیاسی تناؤ، بیانات کی واپسی اور اتحادی تعاون سے متعلق معاملات زیر بحث آئیں گے۔
پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے متنازع بیانات پر معافی مانگنے اور انہیں واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، جس کے باعث دونوں جماعتوں کے درمیان فاصلے بڑھتے جا رہے ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ بات چیت کے ذریعے تمام غلط فہمیاں دور کی جائیں تاکہ اتحادی حکومت کے معاملات بغیر رکاوٹ آگے بڑھ سکیں۔




