پشاور/راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر جاری کشیدگی کے دوران پاک فوج نے افغان طالبان کی جارحیت کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی جوابی کارروائی کی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، جلال آباد میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے مشترکہ ڈرون اسٹوریج اور ایمونیشن ڈپو کو فضائی اور زمینی حملوں میں ملیامیٹ کر دیا گیا ہے۔
جلال آباد میں قائم اس مرکز کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے حالیہ دنوں میں پاکستانی چوکیوں پر ڈرون حملوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ اس کارروائی سے دشمن کا فضائی جاسوسی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ایک بڑے زیرِ زمین ایمونیشن ڈپو کو تباہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں نے دشمن کی سپلائی لائن کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حملے میں فتنہ الخوارج کے درجنوں جنگجو اور اہم کمانڈرز ہلاک ہو چکے ہیں، جو افغان طالبان کی چھتری تلے پناہ لیے ہوئے تھے۔سکیورٹی فورسز کے حکام نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج افغان طالبان رجیم کی ہر اشتعال انگیزی کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔




