بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں ہونے والے معاہدے دوطرفہ تعاون کے نئے دور کا آغاز ہیں۔ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے کرغزستان کی شاندار میزبانی پر صدر صدار ژاپاروف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کرغز قیادت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کرغزستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بننے پر بھی مبارکباد پیش کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر کرغز قیادت تحسین کی مستحق ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی اور دوطرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان تجارتی حجم میں اضافے کے لیے قوانین اور طریقہ کار کو مزید سہل بنائیں گے۔ پاک کرغز ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہے، جس سے باہمی تجارت اور علاقائی رابطوں کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کاسا 1000 منصوبے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔




