لاہور:وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘ستھرا پنجاب’ وزیراعلیٰ مریم نواز کا ایک اہم فلیگ شپ پروگرام ہے جس پر عیدالاضحیٰ کے دوران بھی مکمل سختی سے عمل کرایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مخصوص مقامات کے علاوہ کہیں بھی مویشی منڈی لگانے کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔ بیوپاریوں کی سہولت کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں، لیکن شہر میں جگہ جگہ گندگی پھیلانے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسا کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے صحافی برادری کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ صحافی کالونی فیز ٹو پر بنائی گئی سکروٹنی کمیٹی نے اپنی کارروائی اور کام مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے بہت جلد صحافی برادری کو فیز ٹو کے حوالے سے بڑی خوشخبری دی جائے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیرِ اطلاعات نے خیبر پختونخوا حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کے پی سے آنے والی کرپشن کی داستانیں کوئی افواہ نہیں بلکہ حقیقت ہیں، جہاں اس وقت پیسوں کے عوض وزارتیں بانٹنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی ان کے حق میں آواز بلند نہ کرے اس سے بدتمیزی کرنا اس سیاسی پارٹی کا باقاعدہ مائنڈ سیٹ بن چکا ہے۔




