پاکستان
Trending

صحافیوں کے تحفظ سے ٹرانسپورٹ منصوبوں تک، سندھ حکومت کی پالیسیوں پر شرجیل میمن کا اسمبلی میں اظہار خیال

کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے مختلف امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام صوبے محدود وسائل کے باوجود ملک کے مفاد میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ صوبوں نے اپنی ترقی کے حصے سے قربانی دی اور وفاق کے ساتھ تعاون کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک قائم و مضبوط رہے گا تو ترقی کے منصوبے مستقبل میں بھی جاری رکھے جا سکتے ہیں۔

سینئر وزیر نے صحافتی آزادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے جرنلسٹ پروٹیکشن کمیشن قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادیٔ صحافت پر یقین رکھتی ہے اور ہر شہری کو معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں صحافیوں کو زیادہ آزادی حاصل ہے، تاہم اسی آزادی کی وجہ سے سندھ حکومت کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے کسی صحافی کے خلاف پیکا ایکٹ کا استعمال نہیں کیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ مانیٹرنگ کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے مدد لی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے سافٹ ویئر تیار کیے جا رہے ہیں۔

کراچی کے ٹرانسپورٹ منصوبوں پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بی آر ٹی کراچی شہر کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بسیں خریدنا آسان ہے، لیکن جدید انفراسٹرکچر قائم کرنا ایک بڑا کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس سے روزانہ ایک لاکھ 80 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں اور سندھ حکومت اس سروس کے لیے سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button