لاہور: امریکی قونصلیٹ جنرل کے وفد نے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) لاہور کا دورہ کیا، جہاں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وفد کو ادارے کے اقدامات اور کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔
وفد نے ای پی اے کے جدید ماحولیاتی مانیٹرنگ سسٹم، فضائی آلودگی کی نگرانی اور ماحول کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا معائنہ کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نومبر 2024 میں لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہوتا تھا، تاہم حکومتی اقدامات کے نتیجے میں صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
سینئر وزیر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ای پی اے کو مزید اختیارات، وسائل اور سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔




