اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریئٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے اقتصادی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور پائیدار ترقی کے لیے جاری اصلاحات سے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا، جبکہ باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور مشترکہ اقتصادی مفادات کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔




