کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، وفاقی حکومت کو شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے توجہ دینی چاہیے، ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے اور موجودہ بحران میں حکومت کو عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔
لیاری میں سپینسر آئی ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسپتال پہلے بند پڑا تھا، تاہم اب اسے فعال کردیا گیا ہے اور یہاں لوگوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کو کام کرتا دیکھ کر خوشی ہورہی ہے، ایسی حکومتیں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بڑھتا جارہا ہے، جس کے باعث سپینسر آئی ہسپتال کو بھی سولر توانائی پر منتقل کیا گیا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پورے لیاری کو سولرائز کیا جائے تاکہ شہریوں کو بجلی کے مسائل سے ریلیف مل سکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے کی کوشش کررہی ہے، جبکہ ملک اس وقت تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
صوبوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مؤقف سب کے سامنے ہے اور سندھ اسمبلی میں بھی اس حوالے سے سات سے آٹھ مرتبہ بات ہوچکی ہے۔ سندھ کے عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں، اب صوبوں کے معاملے کو بند کرکے وفاقی حکومت کو عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر وفاقی حکومت شہر کی بہتری کے لیے تعاون کرنا چاہے تو پیپلزپارٹی اس سلسلے میں مدد کرے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے سیاسی تقسیم اور نفرت کے حوالے سے کہا کہ بعض لوگ عوام میں نفرت اور تفریق کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں، حالانکہ سیاستدانوں کا فرض عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی نمائندوں نے کراچی میں کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا، سیاستدانوں کو عوام میں تقسیم پیدا کرنے کے بجائے ان کے مسائل حل کرنے چاہییں۔
28ویں آئینی ترمیم سے متعلق صحافی کے سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے جواب دیا کہ وفاقی حکومت نے اس معاملے پر ان سے کوئی بات نہیں کی۔




