پاکستان
Trending

ریاست کے خلاف بیان بازی ناقابل قبول ہے، اختلافات میں بھی حدود کا خیال رکھا جائے: رانا ثنااللہ

 

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے اور اس کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے بارے میں گفتگو کرتے وقت بھی احتیاط اور احترام کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔

رانا ثنااللہ نے مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پے در پے بیانات سے قوم کو تکلیف پہنچی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مولانا فضل الرحمان، مولانا عطاالرحمان اور کامران مرتضیٰ کا احترام کرتے ہیں، تاہم ریاست سے متعلق غیر مناسب بیانات کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں شہدا کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی تھی، ایسے حساس معاملات میں الفاظ کا چناؤ اہم ہے کیونکہ حدود سے تجاوز کرنے سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی اختلافات اور عناد کو ملک اور ریاست تک نہیں لے جانا چاہیے۔

پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پارٹی کو چاہیے کہ وہ عدالتوں سے رجوع کرکے قانونی ریلیف حاصل کرے۔

نورین نیازی کے معاملے پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ انہیں گزشتہ روز فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور ان کے تمام ٹیسٹ درست آئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نورین نیازی لوگوں کو ورغلانے اور انتشار پھیلانے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button