پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قبضہ مافیا اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات قائم کرنے والے افراد کو جگہ خالی کرنا ہوگی، اس معاملے میں کسی قسم کی سفارش نہیں کی جائے گی۔
مفتی محمود مرکز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جن افراد نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، وہ انہیں ختم کرکے جگہ خالی کردیں، جبکہ مرکز کی حیثیت کا فیصلہ متعلقہ انتظامیہ کرے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ تجاوزات سے متعلق تمام معاملات متعلقہ محکمہ شفاف طریقے سے دیکھ رہا ہے اور وہ کسی کے لیے سفارش نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے اور کسی کو خصوصی رعایت نہیں ملنی چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اگر ان کا اپنا گھر بھی تجاوزات میں شامل ہے تو اسے بھی گرایا جائے۔ ان کے مطابق تجاوزات کے معاملے میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے




