پاکستان
Trending

پاکستان چین فرینڈشپ ہسپتال کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، وزیراعظم شہباز شریف

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین فرینڈشپ ہسپتال میں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو مکمل مفت علاج فراہم کیا جائے گا اور ہسپتال کے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔

پاکستان چین فرینڈشپ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ ہسپتال پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی کی علامت ہے۔ چین نے کورونا وبا کے دوران پاکستان کو یہ ہسپتال تحفے میں دیا تھا، تاہم وبا کے بعد اس کی بندش انتہائی افسوسناک اور مجرمانہ غفلت تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان چین فرینڈشپ ہسپتال کا نام مستقل طور پر برقرار رکھا جائے گا، جبکہ یہاں اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔

شہباز شریف نے بتایا کہ ہسپتال چلانے کے لیے انڈس ہسپتال کی انتظامیہ کا تعاون حاصل کیا گیا ہے۔ انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے سالانہ اخراجات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مناسب رعایت دی ہے اور وہ غیر منافع بخش بنیادوں پر طبی خدمات فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام کی خدمت اور دکھی انسانیت کی مدد سے بڑھ کر کوئی قومی خدمت نہیں۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوام کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ دعائیں ملتی ہیں۔ پاکستان چین فرینڈشپ ہسپتال دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کی ایک اہم مثال ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button